بھوپال، 28 اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار کی بیگو سرائے سیٹ سے لیفٹ کے امیدوار کنہیا کمار بھوپال میں دگ وجے سنگھ کے لئے تشہیرکریں گے۔اس بات کی تصدیق خود دگ وجے سنگھ نے کی ہے۔کانگریس کے امیدوار دگ وجے سنگھ نے بھوپال میں واقع بھارتی کمیونسٹ پارٹی کے دفتر پہنچ کر کمیونسٹ پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کنہیا کمار نے کبھی بھی ملک مخالف نعرے بازی نہیں کی، ان کے خلاف جھوٹ پھیلایا گیا ہے۔دگ وجے نے یہ بھی کہاکہ کنہیا کمار ملک مخالف نعرے لگاتا تو میں اسے کبھی نہیں بلاتا۔ واضح رہے کہ کمیونسٹ پارٹی نے بھوپال میں دگ وجے سنگھ کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔بھوپال سیٹ پر 12 مئی کو ووٹ ڈالے جانے ہیں اور موسم کے ساتھ یہاں کی سیاست بھی گرماتی نظر آ رہی ہے۔بھوپال سیٹ سے بی جے پی نے سادھوی پرگیہ ٹھاکر کو امیدوار بنایا ہے اور وہ مسلسل جلسے کر رہی ہیں،وہ قوم پرستی کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر بھگوا دہشت گردی لفظ من گھڑت جانے کو لے کر کانگریس کو گھیر رہی ہیں۔ایسے میں دگوجے سنگھ کی طرف سے کنہیا کو دعوت ملنے سے سادھوی پرگیہ زیادہ جارحانہ ہو سکتی ہیں۔دلچسپ ہے کہ بہار کے بیگو سرائے سیٹ پر کنہیا کے خلاف مہاگٹھ بندھن نے تنویر حسن کو میدان میں اتارا ہے۔اس مہاگٹھ بندھن میں کانگریس بھی شامل ہے،یعنی پارٹی یہاں کنہیا کی مخالفت کر رہی ہے جبکہ بھوپال سیٹ پر وہ کنہیا کی حمایت لے گی۔